سٹی 42: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ افغانستان کے خلاف جیت کیلئے پر عزم۔ اعجاز احمد کہتے ہیں کہ افغانستان کے خلاف میچ کے لیے نفسیاتی دباؤ کا شکار نہیں۔ماضی کی شکستوں کو بھلا کر کل میچ کے لیے میدان میں اتریں گے۔
آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جنوبی افریقا میں جاری ہے اور کل بینونی میں پاکستان اور افغانستان کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان چوتھا کوارٹر فائنل کھیلا جائے گا۔پاکستان انڈر 19 کو حالیہ میچز میں افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ اعجاز احمد کہتے ہیں کہ جن میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا وہ اب ماضی کا حصہ ہیں، ان شکستوں کی وجہ سے نفسیاتی دباؤ کا شکار نہیں ہیں، اب یہ ایک نیا میچ ہے، اس میچ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ کپتان روحیل نزیر اور حیدر علی ایمرجنگ ٹیم میں شامل تھے جس نے بنگلا دیش میں افغانستان کو بھی شکست دی تھی، دونوں ٹاپ کے کرکٹرز ہیں اور ان کا تجربہ کام آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ بالروں میں اتنی صلاحیت ہے کہ بینونی کی پچ پر اچھے نتائج دے سکتے ہیں ،اگر وہ سیٹ ہیں تو میچ فنش کر کے آئیں، آنے والے بیٹسمینوں پر کام چھوڑ کر نہ آئیں کیونکہ اچھا فنشر بننا بہت ضروری ہے۔