سٹی42: ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات بھی پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کے غلبہ کی وجہ سے کئی موٹر ویز بند کر دی گئیں۔
موٹر وے پولیس نے بتایا ہے کہ موٹروےایم 3 جڑانوالہ سے درخانہ تک دھند کے باعث بند ہے۔ موٹروےایم 4 شیرشاہ سے فیصل آباد تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔ موٹروےایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔
ملتان سے آمدہ اطلاعات کے مطابق موٹروے ایم فور اور ایم فائیو کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے ایم فائیوکو شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر انٹر چینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیےبند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے ایم فورکو ملتان سے فیصل آباد تک شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس موٹروے نارتھ زون کے مطابق موٹروے ایم 2 پر شدید دُھند کے باعث اسلام آباد سے لاہور جانے والی ٹریفک کے لیے بلکسر سے کوٹ مومن تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے ۔
حد نگاہ میں کمی کے سبب لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
موٹر ویز کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھند کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہو جانے کے بعد موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے۔ قومی شاہرہوں پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا ہے۔ شہری ضروری سفر کے لئے دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں۔ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں
موٹر ویز پولیس کا کہنا ہے کہ رات کے وقت سفر کرنے کے لئے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور آگے جانے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
شہری سفر کے دوران معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔