سعود بٹ: پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پی ایم ایس 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ 555 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار۔
پبلک سروس کمیشن نتائج کے مطابق 71 اسامیوں پر 555 امیدوار تحریری امتحانات میں کامیاب قرار دیئے۔ تمام کامیاب امیدواروں کا انٹرویو کے بعد ہتمی رزلٹ کا اعلان کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق امیدواروں کا سائکلاجیکل اسیسمنٹ ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔ امیدواروں کو انٹرویو کی تاریخ کے حوالے سے بذریعہ ایس ایم ایس اور ویب سائٹ پر پیغام پہنچا دیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مختلف ملازمتوں کے تحریری امتحانات کے سوالیہ پرچوں کا قبل از وقت آئوٹ ہونے کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر سے آئے ہوئے ہزاروں امیدوار سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے دفتر کے باہراحتجاج کرتے ہوئے سیکرٹری اور چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن میں بھرتیوں سے متعلق حالیہ امتحان میں ضلع جھنگ کے تین رہائشیوں کو کامیاب فہرست میں شامل کرلیا۔ جس کی انکوائری کی جائے۔ تینوں افراد سیکرٹری پبلک سروس کمیشن پنجاب کے قریبی رشتہ دار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیونکہ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ریٹائرمنٹ میں تھوڑے دن باقی ہے اور وہ اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل مبینہ طور پر ان قسم کے واقعات کے ذریعے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ مختلف ملازمتوں سے متعلقہ تحریری امتحانات کے سوالیہ پرچوں کو قبل از وقت آئوٹ کرنا جن مفادات کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پرچے آؤٹ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور حق داروں کو ان کا حق دیا جائے۔