(سٹی 42): عوامی تحریک کی ڈیڈ لائن میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر دھرنا ہو گا یا احتجاجی مظاہرے؟ آصف زرداری اور عمران خان ایک ساتھ کنٹینر پر بیٹھیں گے یا نہیں؟ بڑے فیصلوں کیلئے عومی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس آج منہاج سیکرٹریٹ میں ہوگی، کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف پارٹیز کے قائدین لاہور پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک سیکرٹریٹ میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت ڈاکٹر طاہرالقادری کریں گے۔ کانفرنس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ق)، مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل، پاک سر زمین پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کے استعفوں کیلئے دباؤ بڑھانے کے لیے سیاسی، قانونی اور احتجاج کے آپشنز پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔