عرفان ملک: لاہورمیں رواں سال میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے درندہ صفت دو سو سے زائد ملزمان انویسٹی گیشن ونگ کی نااہلی کے باعث اب تک آزاد، پولیس کی اپنی ہی رپورٹ میں ملزموں کی عدم گرفتاریوں کا انکشاف ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق خواتین سے زیادتی کے واقعات میں اضافہ پولیس کی روائتی سُستی کے باعث ہوا ہے۔ پولیس افسران کو دی جانے والی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق لاہور انویسٹی گیشن ونگ کی نااہلی کے باعث زیادتی کے ملزم آزاد گھوم رہے ہیں، رواں برس لاہور میں زیادتی کیسز میں ملوث دو سو پانچ ملزمان تاحال گرفتار نہ ہو سکے۔
پولیس ریکارڈ میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ زیادتی کے کیسز میں شامل 72 ملزمان کی تاحال شناخت بھی نہ کی جا سکی، چودہ ملزمان اشتہاری جبکہ چوبیس نامزد ملزمان کو بھی انویسٹی گیشن پولیس تاحال گرفتار نہ کر پائی۔ رواں برس زیادتی کے مقدمات میں 61 ملزموں کو دوران تفتیش بے گناہ قرار دے دیا گیا۔