( عفیفیہ نصر اللہ ) لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، بارش کے باوجود عزارداری سید الشہدا کا سلسلہ بھی جاری رہا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک بارش کی پیشگوئی کردی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، اندرون موچی اور بھاٹی گیٹ میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ ان علاقوں میں یوم عاشورکے حوالے سے مجالس اور جلوس بھی جاری تھے، بارش کے باوجود سوگواران حسینؑ نوحہ خوانی اور عزاداری میں مصروف رہے۔
شہر میں ہونے والی بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے باعث بارش کا پانی نہیں نکالا جاسکا جبکہ عالمگیر روڈ اسلامپورہ میں بھی بارش کا پانی کھڑا ہونے کے باعث ندی نالے کا منظر پیش کرتا رہا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد کئی کئی گھنٹے پانی کھڑا رہتا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس حوالے سے بارہا احتجاج کے باوجود واسا سمیت دیگر نے کبھی کوئی مناسب انتظامات نہیں کیے جبکہ اہل علاقہ نے اپیل کی کہ علاقہ میں نکاسی آب کے حوالے سے بہتر انتظامات کیے جائیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک ملک میں بارشوں کے نئے سلسلہ کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بالائی حصوں میں اتوار سے منگل تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ کچھ علاقوں میں تیز بارش سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
شہر میں ہونے والی شدید بارشوں کے پیش نظر تاحال ضلعی انتظامیہ نے کوئی مناسب حکمت عملی اختیارنہیں کی۔