" امام حسینؑ کا نام ہر یزیدی سوچ اور کردار کی موت ہے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ماڈل ٹاؤن (عمراسلم) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم عاشور پر حضرت امام حسینؑ، اہل بیت اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام عالی مقام اور ان کے ساتھیوں کا پاکیزہ لہو تا قیامت حق، اصول اور سچائی کی گواہی دیتا رہے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ خاتم الانبیا کے پیارے نواسے نے اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی، اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی پیش کی، دنیا میں آج بھی حضرت امام حسینؑ اور یزید کی سوچ کے درمیان جنگ جاری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ  نے درس دیا کہ اصول کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردینے والے اقتدار پر قبضہ کرنے والوں کے مقابلے میں اللہ تعالی کی بارگاہ اور تاریخ میں سرخرو رہتے ہیں، صرف مسلمان ہی نہیں دنیا کا ہر حق پرست، انصاف پسند اور باضمیر انسان حضرت امام حسینؑ کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حق پر ہونے کی گواہی دے رہا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امام حسینؑ کا نام ہر یزیدی سوچ اور کردارکی موت ہے، اللہ تعالی شہدائے کربلا کے درجات اور مرتبے بلند سے بلندتر فرمائے اور ہمیں امام عالی مقام امام کے نقش قدم پر چلنے والے سعادت مندوں میں شامل فرمائے۔

  یوم عاشور آج ملک بھر میں‌نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی رواداری کے ساتھ منایا جا رہا ہے، 10 محرم الحرام کو حضرت امام حسینؑ  اور ان کے ساتھیوں  نے میدان کربلا میں اسلام کی بقاء کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایسی مثال قائم کی، جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کردی، شہدائے کربلا کی یاد میں آج  لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس برآمد اور مجالس عزا برپا کی جا رہی ہیں، ہرآنکھ اشکبار ہے، ہر طرف یا حسینؑ، یا حسینؑ کی صدائیں گونج رہی ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer