یوم عاشور،صدرمملکت،وزیر اعظم کے پیغامات

یوم عاشور،صدرمملکت،وزیر اعظم کے پیغامات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور پر اپنے پیغامات جاری کردئیے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ شہادت امام حسینؓ ظالم و جابر کے سامنے ڈٹ جانے اور ایثار  و قربانی کا استعارہ  ہے۔محرم وہ جذبہ عطا کرتا ہے جس کی بدولت ہم بڑی سے بڑی آزمائش کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔  ہمیں چاہیے کہ باہمی نفاق اور فرقہ واریت کو بالائے طاق رکھ کر ملکی ترقی کے لیے کام کریں۔

اپنے پیغام میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ قوم نے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا جیسی عالمی وبا پر قابو پایا، کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، امید ہے پوری قوم یومِ عاشور  پر حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔دعا گو ہوں کہ یہ اسلامی سال ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو۔

جذبہ شبیریؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے:عمران خان

  وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کو اپنے پیغام میں کہا کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے اور پوری دنیا میں مسلمان آج نواسہ رسول ﷺ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو  خراج تحسین عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی شہادت کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کر رہے ہیں، جذبہ شبیریؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے۔ہمیں کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔گزشتہ کچھ عرصہ سے کورونا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اللہ کی مدد، حکومت کے بروقت اقدامات سے کورونا کے پھیلاؤ پر کافی حد تک قابو پا لیا۔

محرم الحرام حضرت امام حسینؓ کی راہ حق میں لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے: وزیر اعلیٰ عثمان بزدار 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم عاشور پراپنے پیغام میں کہاہے کہ محرم الحرام حضرت امام حسینؓ کی راہ حق میں لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے،واقعہ کربلا سے سبق حاصل ہوتا ہے کہ باطل مٹ جائے گا اور حق باقی رہے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کاکہنا ہے کہ حضرت امام حسینؓ نے حق کا علم بلند کیا اورباطل کے سامنے سرنہ جھکایا،حضرت امام حسینؓ و دیگر شہدا کاغم تاقیامت باقی رہنے والا اثاثہ ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں حق و باطل کے درمیان کئی برس سے معرکہ جاری ہے،کشمیری جانوں کا نذرانہ دے کر کربلا کی عظیم ترین روایت کو نبھا رہے ہیں ،ان کاکہنا ہے کہ ظالم مودی نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور بربریت برپا کررکھی ہے،مودی دور حاضر کا یزید بن چکا ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer