ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا حکومت نےعید کے دوران ہوائی فائرنگ پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو عید کے موقع کے حوالے سے احکامات جاری کیے ہیں۔
پابندی کا مقصد چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی وجہ سے انسانی جانوں کے ممکنہ ضیاع کو روکنا ہے۔وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔
مراسلے میں لکھا ہے کہ ہوائی فائرنگ پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ چاند رات اور عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے، ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کسی کی جان لے سکتی یا کسی کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ ایک قانونی جرم ہے جو کسی کی عید کی خوشیوں کو زندگی بھر کے غم میں بدل سکتی ہے، اپنی چند لمحوں کی خوشی کے لئے کسی کے گھر کو ماتم کدہ نہ بنائیں۔
محمود خان نے کہا کہ لہذا شہری نہ صرف خود ہوائی فائرنگ سے گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کرکے ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔