ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی مراسلے پر کارروائی سے متعلق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
عمران خان چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی خط بھجوائیں گے ، جس میں امریکی مراسلے کی روشنی میں ابتک کی کارروائی کا پوچھا جائے گا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ باضابطہ ملاقات میں سفیر کو دھمکی شرمناک اور سفارتی آداب کے منافی ہے، مہذب دنیا میں ایسے تکبرانہ طرزِ عمل، سفارتی بداخلاقی کی گنجائش نہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کی آزادی و خود مختاری حکومت کے دفاع سے بالاتر فریضہ ہے، مقامی غداروں نے قوم کو سامراج کے چنگل میں جکڑنے کی قیمت لی، مقامی غداروں نے امپورٹڈ حکومت کی صورت میں قیمت وصول کی۔
انھوں نے مزید کہا کہ عوام بیرونی سازش سےسیاسی امورمیں مداخلت پر رنجیدہ اور ناراض ہیں، حقیقی آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان زیادہ دیر تک روکنا ممکن نہیں، چوروں کو غداروں کے روپ میں دیکھ کرعوام سیخ پا اور ان کا محاسبہ چاہتے ہیں۔