(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی حکومت نے حرمین شریفین میں نماز عید کی ادائیگی کیلئے اجازت نامے کی شرط ختم کردی۔
سعودی وزات حج و عمرہ نے حرمین شریفین (مسجد الحرام و مسجد نبویﷺ) میں نماز عید کی ادائیگی سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامہ کے مطابق اب مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کیلئے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی اور تمام افراد دونوں مساجد میں عید نماز ادا کرسکیں گے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں داخلے کیلئے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم عمرے کی ادائیگی کیلئے ایتماما (Eatmama) ایپلیکیشن کے ذریعے پرمٹ حاصل کرنا لازمی ہے۔
دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے 30 اپریل بروز ہفتہ کو شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔
حرمین شریفین میں 29 ویں شب میں ختم قرآن کا فقید المثال اجتماع ہوا, لاکھوں فرزندان اسلام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تراویح اور ختم قرآن کی دعا میں شرکت کی۔
حرمین شریفین کے ائمہ نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی، اسلام اور مسلمانوں کو آزمائش سے نکالنے، دنیا بھر کے انسانوں کو درپیش عالمی آفات و مصائب سے نجات دلانے، مسلم ممالک کے درمیان اتحاد و اتفاق پیدا کرنے اور انہیں تفرقہ و انتشار سے نکالنے کی دعائیں کیں۔