ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) عوام کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لٹر تک کمی کر دی۔ پٹرول 15 روپے اور ڈیزل 27 روپے پندرہ پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے، وزارت خزانہ نے اوگرا کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے عوام کو 14 روپے 6 پیسے فی لیٹر تک کے مزید ریلیف سے محروم کردیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی فی لٹر نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے ہوگئی ہے۔ سپیڈ ڈیزل 80 روپے 10 پیسے فی لٹر، مٹی کی تیل کی فی لیٹر نئی قیمت47 روپے 44 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 47 روپے 51 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔

اوگرا سفارشات کے مطابق عوام کو پٹرول کی قیمت پر 5 روپے 68 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل پر 6 روپے 79 پیسے، مٹی کے تیل پر 14 روپے 6 پیسے اور لائٹ ڈیزل پر 9 روپے 57 پیسے کی مزید کمی کے ریلیف سے محروم کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے باعث آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں 44 روپے تک کمی کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔ تاہم حکومت نے ایک بار پھر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا پورا ریلیف عوام کو منتقل نہیں کیا۔

قبل ازیں 24 مارچ کو وزیر اعظم نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں میں آنے والے تعطل اور اس کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عوام اور مختلف شعبوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات میں فی لیٹر 15 روپے کمی کا اعلان بھی کیا تھا۔ وفاقی حکومت نے 29 فروری کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے تک کمی کی تھی۔