( سعود بٹ ) نیب لاہور نے حوالات میں قیدیوں کو دی جانیوالی سہولیات کی تفصیل جاری کر دی، صحافیوں کو بھی حوالات کا دورہ کروایا گیا۔
موسم گرما کے مدنظر رکھتے ہوئے نیب لاہور کے حوالات میں ائیر کنڈیشنر لگا دئیے گئے ہیں۔ نیب لاہور کے مطابق زیر حراست ملزمان کو صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے، ملزمان نہ صرف اپنی مرضی کا کھانا کھا سکتے بلکہ گھر سے بھی کھانا منگوا سکتے ہیں۔ نیب تھانے میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز موجود ہوتے ہیں اور زیر حراست ملزمان کا دوبار طبی معائنہ ہوتا ہے، دفتر میں 24 گھنٹے ایمبولینس موجود ہوتی ہے جو ڈاکٹرز کی تجویز پر بیمار ملزم کو ہسپتال منتقل کرتی ہے۔
اس کے علاوہ حوالات کو مکھیوں و مچھروں سے پاک رکھا گیا ہے اور ڈینگی سپرے کیا جاتا ہے جبکہ ملزمان کو صبح اور شام واک کرنے کی اجازت بھی ہے۔ نیب حوالات میں دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے صحافیوں کو بھی دورہ کروایا گیا۔