ہنگو حملہ کی ابتدائی رپورٹ:خودکش حملہ آور 2 تھے، کورکمانڈر اور آئی جی پولیس متاثرہ مسجد پہنچ گئے

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

احمد منصور: کور کمانڈر پشاور  جنرل حسن اظہر حیات نے ہنگو میں خودکش حملہ کا نشانہ بننے والی مسجد کا معائنہ کیا اور سی ایم ایچ ہنگو میں زخمیوں کی عیادت کی، خیبر پختونخوا پولیس کے آئی جی اختر حیات نے بھی ہنگو جا کر متاثرہ مسجد کا معائنہ کیا اور اپنی فورس کے جوانوں سے ملاقات کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا۔

دریں اثنا ہنگو میں مسجد میں دھماکہ کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ  خودکش حملہ آور دو تھے جو جمعہ کی نماز کے دوران مسجد میں گھس کر دھماکے کرنا چاہتے تھے، پولیس اہلکاروں نے مسجد کے گیٹ پر خودکش حملہ آور روکا تو اس نے خود کو وہیں پر اڑا لیا۔ایک خودکش بمبار کے خود کو اڑانے سے اس کی زد میں آ کر دوسرا بھی مارا گیا۔

ہنگو دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار
نماز جمعہ کے خطبہ کے دوران دو خودکش مسجد میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ ایک خود کش حملہ آور کو مرکزی دروازے پر ہلاک کیا گیا۔ایک خودکش حملہ آور نے مسجد کے پاس خود کو اڑایا ۔
دہشت گردوں کا ہدف ناکام بنایا گیا انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ ہنگو میں مسجد کے قریب دھماکے میں چار افراد شہید ہوئے جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔

 کور کمانڈر پشاور کا  ہنگو میں متاثرہ مسجد  کا دورہ

 کور کمانڈر  لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے ہنگو جا کر خودکش حملہ کا نشانہ بننے والی مسجد کا معائنہ کیا۔  جنرل حسن اظہر حیات نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں  سے ملاقات کی، انہوں نے ایک بڑے  حادثے سے بچانے پر قانون نافذ  کرنے والے اداروں کے اہل کاروں  
کو سراہا ۔

کور کمانڈر   لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے سی ایم ایچ ٹل کا بھی دورہ کیا۔ کور کمانڈر نے دھماکے کے زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ کور کمانڈر نے  کہا کہ دہشتگردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔  انہوں نے زخمیوں کے علاج کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

خیبر پختونخوا کے آئی جی پولیس اختر حیات گنڈاپور  کا ہنگو دورہ

خیبر پختونخوا کے آئی جی پولیس اختر حیات گنڈاپور اور چیف سیکرٹری اسلم چوہدری نے ہنگو جا کر خودکش حملہ سے متاثر ہونے والی مسجد کا جائزہ لیا، انہوں نے دو آبہ پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کیا۔


آئی جی پختونخوا نے  خود کش حملے سے شہید ہونے والی مسجد کا جائزہ لیا اور وہاں ڈیوٹی کرنے والے پولیس کے جوانوں سے بات چیت کی۔

 آئی جی اختر حیات گنڈا پور نے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختو خواہ پولیس بہاادر جوانوں کی پولیس ہے، جوہر محاذ پر دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔

آئی جی اختر حیات نے تصدیق کی کہ دو خودکش حملہ آورتھے جو جمعے کی نماز کے دوران مسجد میں گھسنا چاہتے تھے۔  دوآبہ پولیس کے جوانوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین گیٹ پر خود کش بمبار کو روکا جس کی وجہ سے جانی نقصان کم ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخواہ پولیس کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پالیسی بنا رہے ہیں۔ 

 آئی جی پختونخوا پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس تمام وسائل کو بروے کار لا رہی ہے۔ دوآبہ پولیس کو جواں مردی سے دہشت گردوں کو روکنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔