جیل روڈ(عظمت اعوان) ڈینگی بخار نے لاہوریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 103 مریض سامنے آگئے، میو ہسپتال کے 4 وارڈ ڈینگی مریضوں کیلئے مختص کردیئے گئے۔
کورونا کے بعد ڈینگی نے بھی لاہور میں پنجے گاڑنا شروع کردیئے، لاہور میں ڈینگی کےمریضوں کی تعداد1180تک پہنچ گئی، لاہورکےہسپتالوں میں ڈینگی کے89مریض زیرعلاج ہیں، ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے محکمہ صحت متحرک ہوگیا، محکمہ صحت کی ٹیموں نے میں 9,9560 ان ڈور اور 9481 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا، 1077 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا بر آمد ہونے پر تلف کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ سپیشلائزڈ اینڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سےایکسپوسینٹر فیلڈہسپتال کو ڈینگی ہسپتال میں تبدیل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا کہنا ہےکہ ڈینگی کےپھیلاؤ کےپیش نظر فیصلہ کیاگیا، ڈینگی کاپھیلاؤ بڑھنےپرایکسپو سینٹر میں نیاہسپتال بھی بنائیں گے۔
ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر محمد افتخار نے سٹی42 خصوصی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کا سارا دھیان کورونا کی طرف تھا لیکن اب ڈینگی سے بھی پورے وسائل اور توجہ کے ساتھ نمٹنا ہو گا، ڈینگی خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے دیگر ادویات کی بجائے صرف پیراسٹامول استعمال کی جائے۔
ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر بختاور نے کہاکہ ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز ڈیفنس سے رپورٹ ہو رہے ہیں، گرین بیلٹس میں لوگ پانی کھلا چھوڑ دیتے ہیں اور یہ پانی مچھروں کی افزائش کا باعث بنتا ہے۔
میو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط کریں، کیونکہ احتیاط ہی ڈینگی سے بچاؤکا بہترین حل ہے, گھروں میں اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ ڈینگی کا مرض خاص قسم کے مچھر سے پھیلتا ہے جو کھڑے پانی پر پرورش پاتا ہے.