( علی ساہی ) خالی پلاٹوں پر پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والے ٹیکس چوروں کو پکڑنے کے لئے کوآپریٹو ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ و دیگر متعلقہ اداروں کا ڈیٹا تک رسائی کے لئے سیکرٹری ایکسائز نے مراسلہ بھجوا دیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہاؤسنگ سکیموں کی انتظامیہ سے بھی خالی پلاٹوں کی تفصیلات مانگ لیں۔
محکمہ ایکسائز پنجاب بھر میں 41 لاکھ پراپرٹی مالکان سے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے اب محکمہ نے خالی پلاٹ کا ٹیکس ادا نہ کرنے والے مالکان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی حوالے سے سیکرٹری ایکسائز وجیہہ اللہ کنڈی نے محکمہ کوآپریٹیو اور سوسائٹیز کو مراسلہ بھجوادیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاکھوں خالی پلاٹ ہیں جن کے مالکان ٹیکس ادا نہیں کرتے جسکی وجہ سے خزانہ کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے کیونکہ خالی پلاٹ مالکان تب ہی ٹیکس جمع کرواتے ہیں جب پلاٹ فروخت کیا جاتا ہے اور این او سی کے حصول کے لئے دفاتر آتے ہیں۔
متعلقہ ادارے اور سیکیموں کی انتظامیہ خالی پلاٹوں کا تمام ریکارڈ فراہم کریں اور اس کے ساتھ ساتھ آن لائن ریکارڈ تک رسائی دی جائے۔ خالی پلاٹوں کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لئے ڈی جی ایکسائز مسعودالحق فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
ایکسائز کی جانب سے خالی پلاٹوں پر ٹیکس کی وصولی کا عمل 2016 شروع کیا گیا تھا جسکے بعد ریکارڈ اور مالکان کو ٹریس کرنا مشکل تھا اب اسکو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں اور سکیموں کی انتظامیہ کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔