شادی ہالز مالکان نے اہم مطالبہ کردیا

شادی ہالز مالکان نے اہم مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عمران یونس ) کورونا وباء کے اثرات، پنجاب بھر کے 10 ہزار میرج ہالز نے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے 6 ماہ کی لائسنس فیس میں ریلیف کا مطالبہ کردیا۔ 

آل پنجاب میرج ہال ایسوسی ایشن کے وفد نے فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن سے ملاقات کی۔ وفد میں سربراہ ایسوسی ایشن میاں الیاس، صدر خالد ادریس، سینئر نائب صدر ملک اکیل اور ممبر عدنان جاوید سمیت دیگر شامل تھے۔

ایسوسی ایشن ممبران نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو آگاہ کیا کہ کورونا وباء کے پیش نظر 6 سے 7 ماہ سے کاروبار بند رہا، جس کے باعث معاشی صورتحال خراب اور ورکرز بے روزگار تھے۔ ایسوسی ایشن ممبران نے مطالبہ کیا کہ فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر کے شادی ہالز کو 6 ماہ کی لائسنس فیس معاف کرے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے آگاہ کیا کہ ایسوسی ایشن کا مطالبہ اتھارٹی بورڈ میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد ریلیف کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 

دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے 32 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔ قوانین کی خلاف ورزی پر 6 سیل، 2 کی پروڈکشن بند جبکہ 24 کو بھاری جرمانے عائد کردیئے۔ 250 کلو دودھ، 110 کلو فنگس زدہ مربہ اور بھاری مقدار میں کھلے رنگ تلف کیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق موقع پر کیے ٹیسٹ میں دودھ کی ایل آر انتہائی کم اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی پر طلحہ سویٹس اینڈ بیکرز اور ہوم بیکرز پروڈکشن یونٹ کو سربمہر کیا گیا۔ سیمپل فیل ہونے پر کلارو واٹر اور بھٹی بردارز بیوریجز یونٹ کی پروڈکشن اصلاح تک بند کر دی گئی۔ 

عرفان میمن کا کہنا ہے کہ عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے صوبہ بھرمیں خوراک کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جاتی ہے، تمام فوڈ پوائنٹس کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین پر عمل کرنا انتہائی لازم ہے۔