300 یونٹ بجلی مفت ملےگی،آدھی قیمت پر پٹرول، خواتین کو گھر بیٹھے روزگار ملےگا

Aleem Khan, IPP, Istahkam Pakistan Party, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:نئی سیاسی پارٹی استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے پہلے ورکرز کنونشن میں اعلان کیا ہے کہ ہر گھر کو 300 یونٹ بجلی مفت ملےگی، بائیک والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا، خواتین کو گھر بیٹھے روزگار ملےگا۔

استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے پہلے پارٹی کنونشن میں بہت بڑے اعلانات کر کے پاکستان بھر کے شہریوں کو ششدر کر دیا۔

استحکام پاکستان پارٹی آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے جہانیاں، خانیوال مین پارٹی کے پہلے کنونشن میں اعلان کیا ہے کہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت کر دی جائے گی، موٹر سائیکل استعمال کرنےوالوں کو آدھی قیمت پر پٹرول ملے گا۔

آئی پی پی کے جہانیاں میں ہونے والے جلسہ میں یہ اعلانات سن کر لوگ خوشی سے ناچنے لگے۔ ساس جلسہ سے پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے بھی خطاب کیا۔


جلسے سے خطاب میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھاکہ پنجاب کی کسی چھوٹی سی تحصیل میں اتنا بڑا ورکرز کنونشن کبھی نہیں ہوا جو لوگ کہتے تھے ہماری پارٹی کے پاس لوگ کہاں سے آئیں گے وہ آج دیکھ لیں کہ لوگ کہاں کہاں سے آ رہے ہیں۔

 
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں خوبصورت پاکستان بنانےکا سوچاتھا، میں نے 8 سال تک دن رات ہم نے محنت کی، کہتے تھے شوکت خانم اسپتال جیسا ہی خوبصورت پاکستان بنائیں گے، جب آپ وزیر اعظم بنے تو بزدار کو  پنجاب میں تحفے کے طور پر دےدیا، عثمان بزدار فرنٹ مین تھا، پارسل آگے پہنچاتا تھا، سب کو پتہ ہے کہ فرح گوگی کون تھی کس کے لیے کام کرتی تھی۔

علیم خان کا کہنا تھاکہ پہلی بار پنجاب میں پیسوں کے عوض لوگوں کو  من پسندمحکموں میں لگتے دیکھا، پنجاب میں 2 کروڑ میں ڈی سی اور 5 کروڑ روپے میں کمشنر لگتے تھے۔ 

علیم خان نے کہا کہ میں نےافسوس کے ساتھ اپنے خوابوں کو آنکھوں کے سامنے چکنا چور ہوتے دیکھا، اب تک جتنے بھی اقتدار میں آئے ہیں،انہوں نے لوٹ مار کی، ہماری محنت کے نتیجے میں 2018 میں تحریک انصاف اقتدار میں آئی،

ن لیگ اور پی پی پر تنقید کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ ن لیگ 7 بار پنجاب میں آ چکی اور کہتے ہیں ہمیں اور موقع دیں، پیپلز پارٹی 15 سال سے سندھ میں ہے لیکن تھر کی صورتحال ابتر ہے، 50سال سے ہمیشہ وہیں جماعتیں آتی رہیں جنہوں نے غریبوں کو کچھ نہیں دیا،  ن لیگ سے 40 سال سے وابستہ لوگوں سے پوچھتے ہیں آپ کو اور کتنا موقع چاہیے؟

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی پندرہ سال سے حکومت میں بیٹھی رہی، سندھ کے عوام کو پینے کیلئے صاف پانی دستیاب نہیں، ہم آپ کےلیےغریب دوست منشور لےکر آئے ہیں، اگر جہانگیر خان نے وعدہ کیا ہے توپورا ہوگا۔

آئی پی پی کے منشور کا اعلان کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھاکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک کےکسانوں کےلیے ٹیوب ویل پر بجلی مفت ہوگی، تمام یونین کونسل میں فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، نوجوانوں کو بلا سود قرضہ ملے گا تاکہ کوئی کام شروع کریں، ہمارے منشور میں ہےکہ 300 یونٹس کے صارفین کے بل حکومت ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کچی آبادی کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دیے جائیں گے، موٹرسائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول دیں گے، بے گھروں کو 3 مرلہ پلاٹ دیے جائیں گے اور ویمن امپاورمنٹ کے لیے خواتین کو گھر بیٹھے روزگار ملے گا۔