(زاہد چودھری) کورونا وبا پھر سے سنگین صورتحال اختیار کرنے لگی، پنجاب میں تجارتی سرگرمیوں کیلئے نئے اوقات کار جاری، تجارتی ادارے، شاپنگ مالز رات 10 بجے اور تفریح گاہیں شام6 بجے بند کردی جائیں گی۔
حکومت پنجاب نے تمام تجارتی سرگرمیوں کے اوقات کار کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تجارتی ادارے اور شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کر دیئے جائیں گے جبکہ ہسپتال، فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، پھلوں، سبزیوں کی دکانیں، تندور، آٹا چکیاں، فلنگ پلانٹس، زرعی آلات ورکشاپس، پوسٹل کوریئر سروسز، پیٹرول پمپس، آئل ڈپو، ایل پی جی شاپس 24گھنٹے کھلی رہیں گی، ریسٹورنٹس ٹیک اوے سروسز 24 گھنٹے فراہم کر سکیں گے، کال سنٹر 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کریں گے، پارکس صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر)محمد عثمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر لاہور، ملتان اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے علاقائی حدود پر ہوگا، ایس او پیز پر پہلے کی طرح سختی سے عمل پیرا رہنا ہو گا، نو ماسک نو سروس کے قانون کو قائم رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا لیکن ہم احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے اس سے نجات حاصل کر سکتے، احتیاط کر کے ہی ہم زندگی کی تمام سرگرمیوں کی بحالی کو قائم رکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد سخت پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر کے اجلاس کے دوران تفریحی مقامات شام 6 بجے جبکہ تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، شادی ہالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔