(عرفان ملک) لاہور پولیس نے عید میلاد النبیﷺ کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا، کل 12 ربیع الاول کو 311 اجتماعات، ریلیاں اور محافل منعقد ہونگی۔
ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا کہنا ہے کہ یوم عید میلاد النبیﷺ پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، 6 ایس پیز، 35 ڈی ایس پیز، 83 ایس ایچ اوز، 165 اپر سب آرڈینیٹس، 2 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر معمور ہونگے، آج لاہور میں127 اجتماعات، ریلیاں اور محافل منعقد ہونگی جبکہ 12 ربیع الاول عید میلاد النبی پر 311 اجتماعات، ریلیاں اور محافل شیڈول ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے عید میلاد النبیﷺ کے تمام 227 جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے، 12 ربیع الاوّل پر کیٹیگری اے میں 55، بی کیٹیگری میں 172 جلوس ہیں،7 محافل میلاد کیٹیگری اے میں اور 190 کیٹیگری بی میں شامل ہیں جبکہ کیٹیگری اے میں08، کیٹیگری بی میں 06 اجتماعات شامل ہیں۔
اشفاق خان کا مزید کہنا ہے کہ تمام جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے جو اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں گے، میٹل ڈیٹیکٹرز، واک تھروگیٹ سمیت تمام انسدادی و حفاظتی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، سفید پارچات میں پولیس افسران اور جوان مشکوک افراد پر نظر رکھیں گے، ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کے جوان مساجد، شاہراہوں پر موثر پٹرولنگ کریں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عید میلادالنبیﷺ کا ادب و احترام ملحوظ خاطر رکھیں، ہلڑ بازی سے گریزکریں، کورونا وباء کے پیش نظر شہری اور پولیس جوان عید میلاد النبیﷺ پر ماسک پہنیں۔