ویب ڈیسک: سیکریٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگ ن پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا وفد ملاقات کے لئے آیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مجوزہ بل انہوں نے ہمیں دیا ہے، مسلم لیگ ن بھی ملک میں مضبوط بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے۔ نو جوانوں کی تربیت کے لئے بلدیاتی انتخابات کا نظام بہترین نظام ہے۔ وعدہ کیا ہے آئندہ پارلیمنٹ سے آئینی ترمیم منظور کروائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کی ہے، میثاق جمہوریت پر بھی بات ہوئی ۔ ہم نے پاکستان کی معیشت اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے ملکر کام کرنے کا عزم کیا تھا، مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ابتدائی ملاقات کے بعد کام شروع کیا۔ توجہ طلب مسئلہ مضبوط مقامی حکومت اور مقامی خود مختاری ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ آئین میں مقامی حکومت اور بلدیاتی نظام کو موثر اور بااختیار بنانے کے لئے ترمیم کی ضرورت ہے، ہمارے درمیان مجموعی طور پر سمجھوتہ ہے کہ ہم متفق ہیں، مشترکہ طور پر اس بل کو باقی سیاسی جماعتوں کے سامنے بھی رکھیں گے۔
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ اتحاد ہے تو ہم آج یہاں کھڑے ہیں۔ وزارتوں کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہورہی ہے، ہم پاکستان کے 25 کروڑ لوگوں کے لئے کام کررہے ہیں، عوام کو اس دلدل سے کیسے نکالنا ہے اس پر گفتگو ہورہی ہے۔