راؤ دلشاد: شہر میں پانچ روزہ پولیو مہم شروع کردی گئی، ڈپٹی کمشنر لاہور مدثرریاض ملک نے یونین کونسل چوراسی کی جھگیوں میں مقیم بچوں کو پولیوویکسین کے قطرے پلاکرمہم کا افتتاح کیا، ڈی سی لاہور کا 19 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف عبور کرنے کا دعوی ۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال کی چوتھی انسدادِ پولیو مہم جاری، ڈی سی مدثر ریاض نے یونین کونسل 84 کی جھگیوں کے بچوں کو قطرے پلائے، خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کیاگیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس کاٹھیا ، سی ای او ہیلتھ اور ڈی ڈی او ہیلتھ بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نےکہاکہ انسدادِ پولیو مہم 30 نومبر سے شروع ہو کر 4 دسمبر تک جاری رہے گی۔ انسدادِ پولیو مہم میں تقریباً 19 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ55سو ٹیمیں پولیو مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ پولیو مہم کو بھرپور انداز میں چلایا جائے گا۔
ٹیمیں کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیو مہم کو کامیاب اور مؤثر بنائیں گی۔ ڈی سی مدثر ریاض نے والدین سے بھی پولیو ٹیموں کیساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئےکہاکہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے دو قطرے لازمی پلائیں کیونکہ پولیو کے دو قطرے آپ کے بچوں کے مستقبل کے ضامن ہیں۔