سٹی 42:اپوزیشن کا جلسہ،ملتان سٹیڈیم میدان جنگ میں تبدیل، جلسے سے ایک روز قبل پولیس کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاٹھی چارج کیا گیا اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکن اور رہنماؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملتان کے کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے، ہاتھ سینکتے اور گپیں لڑاتے پی ڈی ایم کارکنان، کنٹینر ہٹانے کے لیے کرین لے کر پہنچے تو اسٹیڈیم میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔
ادھر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کو ایک ماہ کے لیے جیل بھجوانے کا حکم جاری کر دیا گیا۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی قاسم اسٹیڈیم میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جس کی اجازت نہیں جبکہ جلسہ کرنا کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے، علی قاسم گیلانی عوام کو جلسے کے لیے اکسا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 30 نومبر کو پی ڈی ایم نے ملتان کے قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے لیکن حکومت کی جانب سے جلسے جلوس نکالنے پر پابندی عائد ہے۔گزشتہ روز پورا دن ملتان کا قاسم باغ اسٹیڈیم میدان جنگ بنا رہا اور پولیس اور پی ڈی ایم کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔
ملتان پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی سمیت 30 افراد کو گرفتار کیا جب کہ پیپلز پارٹی کے 370 سے زائد افراد کے خلاف تھانہ لوہاری گیٹ میں مقدمہ درج کیا۔پولیس کے مطابق علی قاسم گیلانی سمیت دیگر کارکنان پر مقدمہ قاسم باغ اسٹیڈیم کے دروازے توڑنے اور کنٹیرز ہٹانے پر درج کیا گیا ہے۔
حکومت نے پھر حملہ کیا،جلسہ ہر صورت ہوگا:بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کارکنوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پھر حملہ کیا، قاسم گیلانی سمیت ہمارے مختلف کارکنان کو گرفتار کیا، پی ٹی آئی حکومت پی پی پی کے یوم تاسیس سے بوکھلا چکی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا چاہے کچھ بھی ہو جائے، 30 نومبر کو پی ڈی ایم کی میزبانی کریں گے، آصفہ بھٹو زرداری میری نمائندگی کے لیے ملتان پہنچ رہی ہیں۔
پی ٹی آئی حکومت ملتان، پنجاب میں پی پی یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے، حکومت نے ایک بار پھر حملہ کیا اور قاسم گیلانی سمیت ہمارے مختلف کارکنان کو گرفتار کرلیا، چاہے کچھ بھی ہو، ہم 30 نومبر کو PDM کی میزبانی کرینگے، آصفہ بھٹو زرداری میری نمائندگی کیلئے پہنچ رہی ہیں
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) November 28, 2020
جلسہ تو ہوکر رہے گا https://t.co/sRaTJ9Crgn