پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے: عثمان بزدار

پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے: عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے کورونا پر قابو پائیں گے، ماضی کے حکمرانوں نے شعبہ صحت کو یکسر نظر انداز کیا اور سابق ادوار میں صحت کے شعبے کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی۔

 ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ مایوس کن ہے اور اپوزیشن ٹولہ محض اپنی سیاست چمکانے کیلئے خالی بیان بازی کر رہا ہے، دکھی انسانیت کی خدمت محض بیانوں سے نہیں ہوتی بلکہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت آزمائش کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کورونا کنٹرول کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے، حکومت ہراقدام عوام کے تحفظ کے لئے اٹھا رہی ہے،منفی سیاست کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔ حکومت کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے تحت 14 ارب روپے سے دیہی علاقوں میں کارپٹڈ سڑکیں بنائی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں دور دراز دیہی علاقوں کی 1076 کلومیٹر سڑکیں تعمیر ہوں گی، مجموعی طور پر 154 دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ دیہی سڑکوں کی تعمیر سے کھیت تا منڈی رسائی بہتر ہوگی، کاشتکار کو اپنی فصل بروقت اور باآسانی مارکیٹ تک پہنچانے میں مدد ملے گی، سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف دیہات میں رہنے والے لوگوں کو آمدورفت کی سہولت ملے گی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے، ماضی کی حکومت نے شوبازی زیادہ کی اور کام کم کیے، ہماری حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے صرف کام ہی کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 1236 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی گئی، پنجاب کے دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پہلے مرحلے پر15 ارب روپے خرچ ہوئے، نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کیلئے آئندہ سال بھی خصوصی فنڈز رکھے جائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا، پسماندہ علاقوں سمیت ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ آفس میں منتخب نمائندوں نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی سردار محمد خان لغاری، عمر اسلم خان اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر ابرار الحق شامل تھے، منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثما ن بزدارنے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمر ان خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔پسماندہ علاقوں سمیت ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer