بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا میدان سج گیا

 بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا میدان سج گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا میدان سج گیا، پولنگ کے عمل کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام پانچ بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا، مختلف پولنگ اسٹیشنز پر لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ 

پولنگ کا عمل جاری

الیکشن کمیشن کے مطابق آج بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا ہے جس کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے،  35 لاکھ 52 ہزار 298 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر مرکزی کنٹرول روم اور اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کوئٹہ سے پولنگ کی نگرانی کر رہے ہیں۔

15 سو سے زائد وارڈز میں امیدوار پہلے سے منتخب

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کی جنرل نشستوں پر 132 خواتین بھی امیدوار ہیں، 5226 پولنگ اسٹیشنز میں 2034 حساس ترین، 1974 حساس اور 1218 نارمل ہیں۔ بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں اب تک 1 ہزار 584 وارڈز میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ  چار ہزار 456 شہری اور دیہی وارڈز میں14ہزار 611 امیدواروں میں مقابلہ جاری ہے۔

 پولنگ اسٹیشنز پر لڑائی جھگڑے کے واقعات رپورٹ

دوسری جانب پولنگ کے دوران سبی کی یونین کونسل مل چاچڑ کے وارڈ نمبر 4 میں دو گروپوں میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

پولنگ کے دوران جھگڑے کا ایک اور واقعہ چمن میں میونسپل کارپوریشن وارڈ نمبر 1 مردانہ پولنگ باغیچہ اسکول میں پیش آیا،بیلٹ پیپرز کی کاپی باہر نکالنے پر پریزائیڈنگ آفسر کے ساتھ پولنگ ایجنٹس لڑ پڑیں اور امیدواروں کے حامی بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔امیدواروں کے 50 سے زائد حامیوں نے پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا اور پولنگ اسٹیشن میدان جنگ بن گیا، فائرنگ اور تصادم کے دوران پولنگ اسٹیشن کی کھڑکیاں، شیشے اور دروازے ٹوٹ گئے۔