(عرفان ملک) لاہور پولیس کے آپریشن ونگ کی نصف سے زائد گاڑیوں پر لگے کیمرے خراب ہوگئے، اتھارٹی کیمرے ٹھیک کروانے میں حیلے بہانے تلاش کرنے لگی۔
ذرائع کے مطابق دو سال قبل لاہور پولیس کے آپریشن اور پٹرولنگ ونگ کی گاڑیوں پر سیف سٹی اتھارٹی کی مدد سے کیمرے لگائے گئے تھے تاہم کیمروں کی کوالٹی ناقص ہونے اور پولیس افسروں کی عدم دلچسپی کے باعث کیمرے خراب ہوگئے، لاہور پولیس کی جانب سے بارہا سیف سٹی اتھارٹی کو ہدایات جاری کی گئیں کہ کیمروں کی مرمت کروائی جائے تاہم اتھارٹی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی۔
دوسری جانب حساس اداروں کی نشاندہی پر اتھارٹی نے اندرون شہر کے کیمروں کی مرمت کا کام جلد مکمل کر لیا تھا۔