(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکارہ تاپسی پنوں کے خلاف مذہبی جذبات کو مجروح کرنے پر پولیس میں مقدمہ درج کردیا گیا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ تاپسی پنوں کے خلاف مدھیہ پردیش کے علاقے اندور میں 27 مارچ کو بی جے پی ایم ایل اے مالنی گورکے بیٹے نے شکایت درج کرائی ہے۔
ممبئی میں 12 مارچ کو اداکارہ نے لیکمی فیشن ویک میں ریمپ واک کے دوران عریاں لباس پہن رکھا تھا جس پر ہندوؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔
ایکلویہ گور نے تاپسی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ریمپ واک کے دوران جسم کو ظاہر کر نے والا لباس اور ساتھ دیوی لکشمی کی تصویر والا ایک ہار پہنا تھا جس سے مذہبی جذبات اور ’سناتن دھرم‘ کی شبیہ کو ٹھیس پہنچی ہے۔
پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کپل شرما کا کہنا ہے کہ اداکارہ کے خلاف شکایت درج کر لی گئی ہے جبکہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم تاپسی پنوں کی جانب سے اس پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہ 12 مارچ کو ممبئی میں لیکمی فیشن ویک کا انعقاد کیا گیا تھاجس میں تاپسی سمیت کئی بھارتی ستاروں نے ریمپ پر واک کر کے فیشن کے جلوے بکھیرے تھے۔