شہزاد خان ابدالی: شہر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، یوٹیلیٹی سٹورزشہریوں کیلئے افادیت کی بجائے زحمت بننے لگے، بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 10 سے 120 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا گیا۔ باتھ سوپ 7 روپے مہنگا، شیمپو 10 سے 20، کولڈ ڈرنکس 5 روپے سے 10 روپے تک فی ٹن پیک مہنگی ہوئی ہیں۔ اسی طرح ٹی وائیٹنرز 21 روپے سے 32 روپے فی پیک مہنگا ہوا ہے۔
اسی طرح خشک دودھ، بچوں کے دودھ 50 روپے سے 100، اسٹیشنری آئیٹم 2 روپے سے 11 روپے تک مہنگی ہوئیں ہیں جبکہ کوکنگ آئل 27 روپے لیٹر تک مہنگا ہگیا ہے۔ ۔ایک ماہ میں سوئیوں کا پیکٹ 8 روپے، ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 15 روپے، 250 ملی لیٹر کے ہینڈ واش کی قیمت میں 15، کلینر 29 روپے اور جوتوں کی پالش میں 10 روپے تک اضافہ ہوگیا ہے۔
متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ حکومت رمضان المبارک میں ریلیف کی بجائے قیمتیں بڑھا کر تکالیف بڑھا رہی ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔