قیصر کھوکھر: پانچ اضلاع کے ڈی سی تبدیل کیے جائیں گے، تبادلے جلد متوقع جبکہ محکمہ سروسز نے ورکنگ شروع کر دی، ادھر حکومت پنجاب نے متعدد پی ایم ایس افسروں کو گریڈ انیس اور گریڈ اکیس میں ترقی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پانچ اضلاع کے ڈی سی کے تبادلے متوقع ہیں۔ ڈی سی لیہ اظہر ضیاء، ڈی سی مظفر گڑھ امجد شعیب ترین، ڈی سی حافظ آباد نوید شہزاد مرزا، ڈی سی ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد اور ڈی سی چنیوٹ محمد ریاض کے تبادلے متوقع ہیں۔
ان ڈپٹی کمشنرز کی تعیناتی کا دورانیہ مکمل ہو چکا ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے ورکنگ شروع کر دی ہے۔ ڈی سی خوشاب مسرت جبین کا تبادلہ ضمنی الیکشن کے بعد متوقع ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے متعدد پی ایم ایس افسروں کو گریڈ انیس اور گریڈ اکیس میں ترقی دے دی۔ پی ایم ایس افسروں کی اگلے گریڈ میں ترقی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں 45 سے زائد پی ایم افسروں کو گریڈ انیس اور گریڈ بیس میں ترقی دی گئی ہے۔
نوید شہزاد مرزا، نعمان حفیظ، افضال وڑائچ ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔ فاروق رشید اور محمد عامر کریم کو بھی گریڈ انیس میں ترقی دی گئی ہے جبکہ پی ایم ایس افسر منصور قادر کی گریڈ اکیس میں ترقی ہوئی ہے۔