(قیصر کھوکھر) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کیلئے سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دیں ۔
محرم الحرام کیلئے سکیورٹی انتظامات سے متعلق محکمہ داخلہ پنجاب میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کی ، انہوں نے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی ۔
اجلاس میں ایس پی یو سمیت تمام حساس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کرتے ہوئے انتظامات پر بریفنگ دی ۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 37376 مجالس ہوں گی جبکہ صوبہ بھر میں محرم الحرام کے 10426 جلوس نکالے جائیں گے، طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی اور مقام پر جلوس، مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا۔
اجلاس میں اشتعال انگیزی کے خطرے کے پیشِ نظر 1200 افراد کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کی گئی ، محرم الحرام میں پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہو گی جبکہ صوبے میں 502 مقامات کو حساس قرار دیا گیا، فوج اور رینجرز بھی تعینات ہوں گے۔
اس حوالے سے سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے اضلاع میں امن کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے، تمام مجالس اور جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، سوشل میڈیا پر بھی نفرت انگیزی کی اجازت نہیں، خلاف ورزی پر سخت ایکشن ہو گا۔ خلاف قانون لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب، سپیشل سیکرٹری داخلہ، کمشنر اور ڈی سی لاہور، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایس پی یو اور تمام حساس اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔