(علی رامے) پنجاب حکومت بیوروکریسی کے روایتی طریقوں پر اب نہیں چلےگی، پنجاب حکومت کا نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی 100 فیصد فنڈز جاری کرنے کا اعلان، نئے سال کا آغاز ہوتے ہی ایک ہفتے کے اندر 214 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ جاری ہوگا۔
پنجاب حکومت 560 ارب روپے کے میگا ترقیاتی بجٹ کو نئے سال میں 90 فیصد مکمل خرچ کرنے کا ہدف مقرر کر رہی ہے جس کے لیے جولائی کے پہلے ہفتے جاری منصوبوں پر 100 فیصد فنڈ جاری ہوں گے، نئے مالی سال کا آغاز ہوتے ہی 2ہزار 263 جاری منصوبوں پر 2 کھرب 14 ارب روپے کے فنڈ جاری کیے جائیں گے، جس میں شہر لاہور میں جاری چھوٹے بڑے منصوبوں پر بھی 100فیصد فنڈ کا اجرا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق منصوبوں میں شاہکام فلائی اوور، گلاب دیوی انڈرپاس اور شیرانوالہ گیٹ کو 100 فیصد فنڈ ملے گا،جبکہ گنگارام میں ماں بچہ ہسپتال، سکولوں کی اپگریڈیشن کے جاری منصوبوں پر 100 فیصد بجٹ جاری ہوگا، سیوریج، صاف پانی کے پہلے سے جاری منصوبوں کو پہلے کوارٹر میں مکمل فنڈ دیئے جائیں گے، ایوان وزیراعلیٰ کی جانب سے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ 560 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کو بروقت استعمال کرنے کیلئے فنڈ کے اجرا میں تاخیر نہیں ہو۔