(سٹی 42) قدرت اہلیان لاہور پر مہربان ہوگئی، شہر کے مختلف علاقوں میں بارش اور ٹھنڈی ہوائوں سے موسم خوشگوار ہوگیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے موسم بھیگا اور نشیلا ہوگیا، ہر چیز جیسے نہا کے نکھر گئی ہو، گرمی و حبس کا خاتمہ ہوگیا، گرمی سے مرجھائے لاہوریوں کے چہروں پر بہار آگئی ہے، گل وگلزار پربھی شادابی چھاگئی۔ دوسری جانب بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 اور کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے امکانات ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ہے جبکہ ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سارا دن موسم ٹھنڈا اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ آئندہ دو روز تک بادل مزید برسیں گے ، جس سے گرمی کا پارہ مزید گر جائے گا۔