(سعود بٹ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے حسن اور حسین نواز کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان واپس لانے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق نیب کمپلیکس لاہور کے دورے کے دوران ماڈل ہاﺅسنگ اور ایڈن ہاﺅسنگ کے متاثرین نے چیئرمین نیب کو دروازے کے باہر روک لیا۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے متاثرین کو ان کے مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروادی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ ہمارے کوئی سیاسی عزائم نہیں۔ کسی جماعت کو پارٹی کو ٹارگٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔ امیدوارالیکشن مہم بھی چلائیں اور جب نیب بلائے تو پیش بھی ہوں۔
انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب الیکشن سے پہلے بھی کام کر رہا تھا اور کرپشن کے خاتمے تک الیکشن کے بعد بھی جاری رہے گی۔ قانون پر عمل درآمد ضروری ہے جو نہیں کرے گا اس سے کروایا جائے گا۔ نیب کے نوٹس دعوت نامے نہیں ۔بلکہ تحقیقات کے لئے قانون کے مطابق بھجوائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ آزمائش رب کی طرف سے آتی ہے عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہیں حسن اور حسین کو انٹر پول کے ذریعے لانے کی منظوری دے دی ہے۔ ڈی جی نیب اب خط لکھیں گے۔