کومل اسلم: باغوں کے شہر لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حبس اور گرمی کی بھی چھٹی ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہےجبکہ مون سون کا چھٹا سپیل 31 جولائی تک وقفے وقفے سے برسے گا۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں چوبرجی ، سمن آباد، جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی پھلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، ویٹا چورنگی اور کورنگی کے اطراف میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے، گودام چورنگی، کلفٹن، حسین آباد، لیاقت آباد، شریف آباد میں بھی بادل برسے جبکہ سٹیڈیم روڈ، طارق روڈ، سندھی مسلم سوسائٹی میں بوندا باندی نے رنگ جما دیا۔
علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں بارشیں متوقع ہیں، مظفر آباد میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، راولپنڈی سے مظفرآباد کو ملانے والی شاہراہ دولائی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو چکی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب ہے تاہم ژوب، بارکھان، کوہلو، لورا لائی، سبی ، خضدار، ہرنائی اور زیارت میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ جعفر آباد، قلات، آواران، نصیر آباد ، کیچ اور پنجگور میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 جولائی تک پنجاب بھر میں بارشیں متوقع ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
نارووال شہر اور گردونواح میں بارش ، گرمی اور حبس میں کمی ، گرمی سے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔