(جنید ریاض)محکمہ سکول ایجوکیشن نے اساتذہ کا سروس ریکارڈ آن لائن کردیا، اساتذہ اپنی ریٹائرمنٹ، اے سی آرز، پروموشن، سینیارٹی لسٹنگ، ٹریننگز، تبادلہ جات اور چھٹیاں گھر بیٹھے حاصل کرسکیں گے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے اساتذہ کا سروس ریکارڈ ڈیجٹلائز کردیا ہے، آن لائن کر دیا ہے۔ سروس ریکارڈ آن لائن کرنے سے اب اساتذہ کی ریٹائرمنٹ، اے سی آرز،پروموشن، سینیارٹی لسٹنگ ،چھٹیاں ،ٹریننگز اور تبادلہ جات سمیت تمام امور گھر بیٹھے نمٹائے جاسکیں گے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سروس ریکارڈ ڈیجٹلائز ہونے سے ٹیچرز کو کلریکل جکڑ بندیوں سے نجات مل جائے گی، دوسری جانب اساتذہ کا کہنا ہے ملازمین کا تمام سروس ریکارڈ ڈیجٹلائز کرنے کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا کہناتھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب کو مکمل طور پر ڈیجٹلائیز کر رہے ہیں،انھوں نے کہا کہ ڈیجٹلائیزیشن کی مدد سے لوگوں کی زندگی کو آسان بنایا جا رہا ہے،ٹیکنالوجی کے بھرپور اور جامع استعمال سے شفافیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، مراد راس نے کہا کہ سال 2021 کے اختتام تک محکمہ تعلیم پنجاب کو مکمل طور پر ڈیجٹلائیز کر دیا جائے گا۔