عوام کو کسی نواز کی نہیں تعلیم، صحت، روزگار کی ضرورت ہے، سراج الحق

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حسن علی : امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک کو نواز دو کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ عوام کو کسی نواز کی نہیں تعلیم، صحت، روزگار کی ضرورت ہے۔

سرگودھا میں جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دورِحکومت میں کسی وزیر، مشیر، سیاستدان، گورنر، بیوروکریٹ کو دس مرلہ سے بڑا گھرنہیں ملے گا۔ عوام کا پیسہ حکمران اشرافیہ کے پروٹوکول پر خرچ ہورہا ہے، ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، دوکروڑ لوگ بے گھر ہیں اورصدر، وزیراعظم، گورنرز، بیوروکریسی ایکڑوں پر مشتمل محلات میں رہائش پذیر ہے، انگریز کے نظام کو بدلنا ہوگا، عوام ترازو پر مہر لگائیں، ہم انہیں اسلامی نظام دیں گے، کرپٹ حکمرانوں کا بے لاگ احتساب ہوگا۔ سابقہ حکمران حساب دینے کی بجائے مزید باریاں مانگ رہے ہیں، ان کی جگہ ایوانوں میں نہیں، جیل میں ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ مومن سرگودھا میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوران قومی وصوبائی اسمبلی اویس قاسم، رانا عمرفاروق، اسداللہ، ڈاکٹر مبشر، زبیر گوندل، عامر چیمہ، عبدالمنعم اور دیگر قائدین بھی اس موقع پرموجود تھے۔

انہوں کا کہنا تھا کہ جتنا نقصان دو خاندانوں نے پاکستان کو پہنچایا اتنا امریکیوں نے دوسری جنگ عظیم میں جاپان کو نہیں پہنچایا تھا، یہ کم ازکم چالیس سالوں سے ملک پر مسلط ہیں، ایک شخص تین دفعہ وزیراعظم رہ کر چوتھی بار کرسی مانگ رہا ہے، دوسرا شہزادہ کہتا ہے کہ ان کے نانا، والدہ وزیراعظم تھے تو اقتدار ان کا بھی حق ہے،پی پی چیئرمین اور ن لیگ کی نائب صدر چند ماہ قبل بہن بھائی تھے اب عوام کو نوراکشتی دکھائی جارہی ہے، عوام جان لے پی پی، ن لیگ میں سے کسی ایک کو ووٹ دینا دوسرے کو سپورٹ کرنے کے مترادف ہے،لوگ اب ان کے جھانسے میں نہ آئیں، اب حل صرف جماعت اسلامی ہے، ہماری حکومت آئی تو کاشتکاروں اور مزدوروں کو ان کا حق ملے گا، تعلیم عام کریں گے، لوگوں کو صحت کی سہولیات ملیں گی، بے روزگاروں کو روزگار ملے گا، خواتین کے لیے یونیورسٹیاں بنائیں گے، انہیں تحفظ اور عزت ملے گی، خواتین اور نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضے دیں گے، ملک میں سودی نظام کا خاتمہ کریں گے، وسائل کی منصفانہ تقسیم ہرحالت میں یقینی بنائی جائے گی۔

امیر جماعت نے اہل سرگودھا سمیت ملک بھر کے ووٹرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ الیکشن میں ان کے پاس برہمن، شودر کی تقسیم کرنے کا بہترین موقع ہے، عوام کو شودر سمجھنے والے سیاسی برہمنوں، ظالم جاگیرداروں،وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ لوگ 8 فروری کو ترازو پر مہر لگائیں، صرف جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔ ہم نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی ہر مشکل وقت میں مدد کی، فلسطینیوں کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ اکٹھا کیا، نام نہاد بڑی پارٹیوں کے لیڈران نے امریکہ کے خوف سے اسرائیلی مظالم پر کوئی احتجاج نہیں کیا، انہوں نے مل کر کشمیر کا سودا کیا، یہ ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کرنے اور ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہائی دینے والوں میں ہیں۔ جماعت اسلامی کامیاب ہوکر اہل فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑے گی، ڈاکٹر عافیہ کو رہائی دلا کر واپس لائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ پر 15برس حکومت کی، آج بھی وہاں سکولوں پر وڈیروں کے قبضے ہیں، سابقہ حکمرانوں نے قوم کے بچوں کو تعلیم سے محروم کیا، ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، اسی فیصد آبادی صاف پانی سے محروم ہیں، انہوں نے قوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا،جماعت اسلامی معیشت ٹھیک کرکے عوام کی مہنگائی، بے روزگاری سے جان چھڑائے گی، ہم انصاف اور قانون کی بالادستی قائم کریں گے۔