حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں کی تعداد نارمل سٹیشنوں سے زیادہ، الیکشن کمیشن نے فہرست جاری کر دی

Election2024, Election Commission of Pakistan, Sensitive Polling Station, Security issues, Polling day February 8
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: الیکشن کمیشن نےتمام حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی فہرست جاری کر دی۔ ملک میں حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں کی تعداد نارمل پولنگ سٹیشنوں کی تعداد سے زیادہ ہو گئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سےبتایا گیا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 90 ہزار 675 ہے۔ان میں نارمل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 44 ہزار 610 ہے جبکہ 27 ہزار 628 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 18 ہزار 437 انتہائی حساس ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں کی مجموعی تعداد 46065 ہو گئی ہے جو نارمل پولنگ سٹیشنوں سے زیادہ ہے۔

الیکشن کمیشن  کی فہرست کے مطابق پنجاب میں 32 ہزار 324 نارمل، 12 ہزار 580 حساس اور 6 ہزار 40 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

سندھ میں 5 ہزار 937 نارمل، 6 ہزار 545 حساس اور 6 ہزار 524 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 5ہزار 388 نارمل، 6 ہزار 166 حساس اور 4 ہزار 143 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔

الیشکن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں 961 نارمل، 2 ہزار 337 حساس اور ایک ہزار 730 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں۔

الیکشن کمیشن ان پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیتا ہے جہاں کسی وجہ سے پولنگ کے دوران امن عامہ کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے، انتخابی عملہ کو کسی طرح کا خطرہ ہو سکتا ہے اور پولنگ کا عمل کسی بیرونی اثر کی وجہ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ الیکشن کمیشن اپنی سالہا سال سے جاری پریکٹس کے مطابق حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر عوام کو ان کے ضمیر کے مطابق آزادی کے ساتھ ووٹ استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لئے خصوصی حفاظتی انتظامات کرتا ہے جو عام پولنگ سٹیشنوں سے قدرے زیادہ ہوتے ہیں۔ انتخابی عملہ کی تعداد اور دیگر سہولیات کے ضمن میں حساس اور نارمل پولنگ سٹیشنوں میں کوئی تفریق نہیں کی جاتی۔