ویب ڈیسک : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر مغل کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ کا بدترین الیکشن ہونے جا رہا ہے، پی ٹی آئی کا مقابلہ پولیس سے چل رہا ہے، اسلام آباد میں اگر یہ ہو رہا ہے تو دو دراز علاقوں میں کیا ہو گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر مغل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ این اے 46 میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے جیسی شعیب شاہین نے بتایا ، پی ٹی آئی کا مقابلہ پولیس سے چل رہا ہے، کل شاہ اللہ دتہ میں میرا ایک جلسہ ہوا ہے ، پولیس لوگوں کو ہراساں کرتی ہے۔ کل ایک کارکن کو گرفتار کیا پولیس نے اور یہ کہا کہ اگر پی ٹی آئی چھوڑو گے تو تمہیں آزاد کروں گا، ڈی سی اسلام آباد بد قسمتی سے ڈی آر او بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اگر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تو پارٹی بن کر سامنے آئیں، ان کی اس طرح کی حرکتوں سے لوگوں کا غصہ بڑھ رہا ہے، الیکشن والے دن لوگ بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے۔ ہمارے جی نائن والی ریلی پر کل کاٹھی چارج بھی کیا گیا، میں مطالبہ کرتا ہوں چیف الیکشن کمشنر سے، چیف جسٹس سے، اسلام آباد میں پولیس ہر اس شخص کے پیچھے ہے جو کارنر میٹینگ کرواتا ہے۔