ویب ڈیسک: 6 مرتبہ کی گرانڈسلام ونر ثانیہ مرزانے ریٹائرمنٹ کا اعلان آسٹریلین اوپن کے خواتین کے ڈبل ایونٹس کے پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد کیا۔ ثانیہ مرزا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2022 کا ٹینس سیزن ان کے کیرئیر کا آخری سیزن ہوگا۔
بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہنا تھا کہ ٹینس ہمیشہ میری زندگی کا ایک اہم حصہ رہے گا۔جب میں نے ریٹارمنٹ کا اعلان کیا تو بہت لوگوں کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے۔ میں اپنی یادوں اور کامیابیوں کے لیے شکر گزار ہوں۔ میں سال کے آخر میں ریٹائرمنٹ کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں، تاہم یہ ایک طویل سال آگے ہے، ابھی بہت وقت پڑا ہے۔
مجھے لگتا ہے کہ میرے جسم کو نارمل ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔ میری تین بڑی سرجری ہوئی ہیں(دو گھٹنے اور ایک کلائی کی) اور جسم اس طرح ساتھ نہیں دے رہا ہے جس طرح میں چاہتی ہوں۔ شاید میں اپنے جسم سے بہت زیادہ توقع کر رہی ہوں۔ یہ بھی حقیقت ہے ازہان کی پیدائش کے بعد کافی مشکل وقت گزرا۔
ثانیہ نے بتایا کہ جب آپ کا بچہ ہوجاتا ہے تو آپ زندگی کی کچھ ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ میں اس قدر خوش قسمت ہوں کہ میں ازہان کی پیدائش کے بعد بھی ٹینس کھیل رہی ہوں۔ میں دراصل کچھ نوجوان ماؤں اور خواتین کو بچہ پیدا کرنے کے بعد بھی اپنے خوابوں کی پیروی کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کررہی ہوں، کیونکہ ایک چھوٹے بچے کے ساتھ سفر کرنا آسان نہیں ہے ۔