ملک اشرف : چودھری عرفان سعید ایڈووکیٹ نئے چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جبکہ جعفر طیار بخاری ایڈووکیٹ نئے وائس چئیرمین پنجاب بار کونسل منتخب ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق چودھری عرفان سعید ایڈووکیٹ بلا مقابلہ چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل اورجعفر طیار بخاری ایڈووکیٹ بھی بلا مقابلہ وائس چئیرمین پنجاب بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی منتخب ہوئے ہیں ۔ نامزد وائس چئیرمین اور چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی ہنجاب بار کونسلز کا تعلق عاصمہ جہانگیر گروپ سے ہے۔
پنجاب بارکونسل کے ارکان نے جنرل ہاؤس اجلاس میں دونوں عہدیداروں کے انتخاب کی حتمی منظوری دی ۔ دونوں کے منتخب ہونے کااعلان ہوتے ہی ان کے حامیوں اور وکلاءرہنماؤں کی جانب سے مبارکباد دی گئی جبکہ نومنتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
پنجاب بار کونسل کے ہونے والے جنرل ہاؤس اجلاس میں صوبہ بھر کے 75 ارکان نے شرکت کی ہے یادرہے نومنتخب چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی اور وائس چئیرمین کو کامیابی کے لئے خرچہ کرنا پڑا نہ ہی انتخابی مہم کی ضرورت پڑی۔
اس سے قبل عاصمہ جہانگیر گروپ نے مشاورتی اجلاس میں قرعہ اندازی کے ذریعے دونوں امیدواروں کا فیصلہ کیا ۔ چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل کے لئے چودھری عرفان سعید ایڈووکیٹ جبکہ وائس چئیرمین پنجاب بار کونسل کے لئے جعفر طیار بخاری ایڈووکیٹ کو نامزد کیا گیا۔