(سٹی42)رہنما جماعت اسلامی حافظ سلمان بٹ لاہور میں انتقال کرگئے۔وہ گزشتہ کئی روزسےنجی ہسپتال کےآئی سی یومیں زیرعلاج تھے۔ حافظ سلمان بٹ تین مرتبہ ممبرقومی اسمبلی بھی رہ چکےہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما جماعت اسلامی رہنما، سابق ایم این اے ، صدر ریلوے پریم یونین حافظ سلمان بٹ انتقال کر گئے، حافظ سلمان بٹ گزشتہ کئی دن سے نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے، حافظ سلمان بٹ تین مرتبہ ممبر قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ انکی عمر 65 برس تھی، وہ شوگر اورگردوں کے مرض میں مبتلا تھے، ان کی نماز جنازہ منصورہ میں نماز جمعہ کے بعد ادا کی جائےگی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق رہنماجماعت اسلامی حافظ سلمان بٹ کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا اور وہ خالق حقیقی سے جاملے، حافظ سلمان بٹ طویل عرصے سے شوگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا تھے۔اچانک انتقال کی خبر نشر ہونے پر سربراہ جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور دیگر رہنما ہسپتال پہنچے۔
واضح رہے کہ رہنما جماعت اسلامی حافظ سلمان بٹ زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ میں صوبہ پنجاب کے ناظم بھی رہے۔شروع سے ہی سیاسی طور پر متحرک تھے،1979 میں پنجاب یونیورسٹی سے سٹوڈنٹ یونین میں حصہ لیا، بعدازاں سیاست میں پڑھ چڑھ کرحصہ لیا اور جدوجہد کرتے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
حافظ سلمان بٹ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رہے، وہ تاحیات ریلوے پریم یونین کے صدر تھے۔ حافظ سلمان بٹ آج کل عمر بلاک اقبال ٹاؤن میں رہائش پذیر تھے۔