( طاہر جمیل ) جلوموڑ کے 17 سالہ ڈان فاروق عرف پھوکا کو تو پولیس پکڑنہ سکی لیکن کیمرے کی آنکھ نے پکڑ لیا، چھوٹے ڈان نے معمولی تلخ کلامی پر کلاشنکوف چلا دی، نویں جماعت کا طالبعلم شدید زخمی ہو گیا۔
سوموار کے روز جلو کے قریب نویں جماعت کے طالبعلم کو سکول سے چھٹی کے بعد فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا تھا جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا رہا، پولیس کے مطابق فاروق نامی ملزم نے مین فیصل بازار جلو موڑ میں معمولی تلخ کلامی پر نویں کلاس کے طالب علم سعد کو کلاشنکوف کی فائرنگ سے زخمی کیا۔ اس دوران فاروق سڑک پر کلاشنکوف لیکر گھومتا رہا لیکن پولیس کی پہنچ سے دور رہا جس کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔
فاروق عرف پھوکا کی فائرنگ سے طالبعلم دونوں ٹانگوں پر فائر لگنے سے زخمی ہوگیا، لواحقین زخمی سعد کو سروسز ہسپتال لائے تو ابتدائی طبی امداد دی گئی، زخمی نوجوان بچے سعد کا کہنا تھا کہ فاروق عرف پھوکا نے بغیر کسی وجہ کے اس پر فائرنگ کی۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ فاروق عرف پھوکا اکثر کلاشنکوف لیکر مین بازار میں گھومتا ہے، پولیس بھی کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ فاروق نے تین مرتبہ پہلے بھی ایسے ہی فائرنگ کی لیکن کسی نے ایف آئی آر تک درج نہیں کرائی، پہلی مرتبہ فاروق عرف پھوکا کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی لیکن پولیس تاحال گرفتار نہیں کرسکی۔