پیرامیڈیکل سٹاف ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر

پیرامیڈیکل سٹاف ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بسام سلطان ) صوبہ بھر کے پیرامیڈیکل سٹاف ایک مرتبہ پھر مطالبات کی منظوری کے لئے سڑکوں پر آ گئے، شہر کی اہم ترین شاہراہ مال روڈ پر دھرنا جاری رہا جبکہ ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے مطالبات منظوری کی یقین دہانی پر احتجاج 6 فروری تک موخر کر دیا گیا۔

صوبے بھر میں متحرک پیرامیڈیکس کی تنظیمیں ایک مرتبہ پھر مطالبات کی منظوری کے لئے سڑکوں پر آ گئیں، سینکڑوں کی تعداد میں پیرامیڈیکل سٹاف سروسز ہسپتال سے چیئرنگ کراس ریلی کی صورت میں پہنچے اور مطالبات کی منظوری کے لئے بھرپور احتجاج کیا۔ چند ہی لمحات میں پر امن احتجاج دھرنے کی صورت اختیار کر گیا اور چیئرنگ کراس کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا، شہر کی اہم ترین شاہراہ بند ہوجانے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پیرامیڈیکس کورسک الاؤنس، ہیلتھ الاؤنس، سروس سٹرکچر کے مطابق اپ گریڈیشن کی جائے اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو عطائی قرار دینے سے پی ایچ ڈی باز آئے۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منیر سے مذاکرات طے ہوجانے کے بعد پیرامیڈیکس کا کہنا تھا کہ مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی پر دھرنا موخر کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ ڈی جی ہیلتھ کے وعدے کے مطابق 6 فروری کو صوبائی وزیر صحت کی موجودگی میں مطالبات منظور کرنے کے لئے نظر ثانی کی جائے گی، حکومت وقت کو 6 فروری تک کا وقت دیتے ہیں۔ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوجائیں گے۔