(علی رامے)تبدیلی سرکار کا صوابدیدی فنڈز ختم کرنیکا دعویٰ ٹھس ہوگیا، پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ، گورنر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور اپوزیشن لیڈر کیلئے صوابدیدی فنڈ کی مد میں7 کروڑ 65 لاکھ 50ہزار کے اجرا کی منظوری دے دی۔
تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ صوابدیدی فنڈز ختم کریں گے لیکن حکومت نے موجودہ بجٹ میں صوابدیدی فنڈز مختص کرنے کے بعد اب محکمہ خزانہ سے جاری کرانے کی منظوری بھی لے لی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 7 کروڑ 65 لاکھ 50 ہزار روپے کے صوابدیدی فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔ گورنر پنجاب کیلئے صوابدیدی فنڈز 90 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کردیئے گئے۔ صوبائی محتسب کے صوابدیدی فنڈز بھی 3 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کر دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی کیلئے9 کروڑ 60 لاکھ سے کم کر کے 5 کروڑ روپے کر دیئے گئے ہیں۔
سپیکر کیلئے 5 لاکھ، ڈپٹی سپیکر اور اپوزیشن لیڈر کیلئے 2 لاکھ 75 ہزارروپے کے صوابدیدی فنڈزمنظور کیے گئے جبکہ صوبائی وزراء کے صوابدیدی فنڈز بھی 80 لاکھ روپے سے بڑھا کر 1کروڑ 20 لاکھ روپے کر دیئے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ اب اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کےذریعے مذکورہ حکام کے اکاؤنٹس میں صوابدیدی فنڈز کا اجرا کرے گا۔