(عمران یونس) لاہور پارکنگ کمپنی کی بدعنوانیوں سے تنگ حکومت پنجاب نے لاہور پارکنگ کمپنی کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا،گاڑیوں کو پارکنگ کیلئے ای ٹکٹ جاری کیے جائیں گے، روزانہ اور ماہانہ کارڈز کا اجراءبھی ہوگا۔
لاہور پارکنگ کمپنی میں فنڈز چوری اور آمدن میں خوردبرد پر سینئر وزیرعبدالعلیم خان نے گلبرگ پارٹی آفس میں اجلاس طلب کیا جس میں سیکرٹری بلدیات، ایم ڈی پارکنگ کمپنی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کمپنی معاملات کو بہتر بنانے کیلئے پارکنگ سائٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فیصلے کے مطابق پہلے مرحلے میں 136 پارکنگ پوائنٹس کو پرائیویٹائز کیا جائے گا جن میں گلبرگ، مال روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے شامل ہونگے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ کام کرنے والوں کو آگے لائیں گے اور نکموں کی چھٹی ہوگی۔اگر فنڈز چوری روک لی جائے تو پارکنگ کمپنی کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ عالمی معیارکے حامل اداروں کو پارکنگ سیکٹر میں کام کرنے کا موقع دیا جائے اور پارکنگ پوائنٹس آؤٹ سورس کرنے کیلئے بڈنگ کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں معیاری ای ٹکٹ، روزانہ اور ماہانہ کی بنیاد پر کارڈز کا اجراءبھی ہوگا، شہر میں نجی پارکنگ پوائنٹس کو بھی ریگولرائز کیاجائے۔ تفریحی پارکوں کے علاوہ کسی بھی جگہ مفت پارکنگ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ کی پرائیویٹائزیشن سے ہونے والی آمدنی سے شہر میں مستقبل کی پارکنگ ضروریات کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی جن میں پارکنگ پلازوں کی تعمیر اولین ترجیح ہوگی۔