سٹی42 :حضرت شاہ حسین لاہوری کے عرس پر میلہ چراغاں کے موقع پر دو مارچ کے موقع پر لاہور میں مقامی تعطیل ہوگی۔
حضرت شاہ حسین جنہیں مادھو لال حسین کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ان کا عرس اور میلہ چراغاں دو مارچ کو باغبان پورہ لاہور میں شروع ہو گا۔
آج جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق عام تعطیل پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے لئے ہو گی تاہم پنجاب حکومت کے صوبائی سیکرٹریٹ میں کسی کام کرنے والے تمام ملازم معمول کے مطابق دو مارچ کو بھی اپنے دفاتر آئیں گے۔
شاہ حسین مادھول لال حسین کا عرس اور میلہ چراغاں
مادھو لال حسین کے عرس کو لاہور میں سب سے بڑا ثقافتی ایونٹ سمجھا جاتا ہے۔ اسے عرف عام میں میلہ چراغاں یا میلہ شالامار بھی کہا جاتا ہے۔ دراصل پنجابی صوفی حضرت شاہ حسین عرف مادھو لال حسین کے عرس کی تین روزہ تقاریب ہی میلہ چراغاں ہوتی ہیں۔ یہ عرس شاہ حسین کے مزار، جو لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں واقع ہے۔ مزار پر زائرین بڑی تعداد میں آتے ہیں اور قدیم روایت کے مطابق عقیدت کے اظہار کے لئے مزار کے قریب کھیلی جگہوں پر چراغ اور شمعیں روشن کر جاتے ہیں۔ شاہ حسین کے عقیدت مندوں کی تعداد بہت زیادہ ہونے کے باعث مزار کے نزدیک کہیں چراغ جلانے کی جگہ باقی نہیں بچتی تو زائرین اپنی شمعیں ایک بڑے الاؤ میں ڈالنے لگتے ہیں جو مزید شمعیں شامل ہونے سے مسلسل پھیلتا جاتا ہے۔ اس موقع پر عقیدت مند ڈھول بجا کر دھمال کر کے اپنے قلبی وفور کا اظہار کرتے ہیں۔ شاہ حسین کے میلہ چراغاں پر برصغیر پاک و ہند میں بہترین ڈھول بجائے جاتے ہیں جنہیں سننے اور دھمال کرنے کے لئے زائرین خاص طور پر دور دور سے آتے ہیں۔