ارشاد قریشی : راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدی نے سر میں اینٹ مار کر دوسرے قیدی کو قتل کردیا۔
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے جیل میں قتل کرنے اور ہونے والے دونوں قیدیوں کو ذہنی مریض قرار دے دیا ۔
جیل انتظامیہ کے مطابق گزشتہ شب ذہنی امراض کے سیل نمبر 8 میں قید محمد حسن نے مگ توڑ کر نوک بنائی اور دیوار سے اینٹ نکال لی، ملزم محمد حسن نے اپنے سیل میں سوئے ہوئے دوسرے قیدی اعجاز ربانی کے سر میں اینٹ مار دی، ملزم محمد حسن نے مزید دو قیدیوں حماد علی اور شیراز احمد کو بھی اینٹ مار کر زخمی کر دیا۔
جیل انتظامیہ نے تنیوں زخمیوں کو اسپتال روانہ کردیا، اعجاز ربانی زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گیا۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری جاری ہے انکوائری مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔