سٹی42: بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف لے لیا۔ سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج جمعرات کو سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
بلوچستان کی بارہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس بدھ کو ہوا. گزشتہ اسمبلی کےسپیکر جان محمد جمالی علالت کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔ اس لیے گورنر بلوچستان کی جانب سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی کو پر یزائیڈنگ نامزد کیا گیا۔
بلوچستان اسمبلی کے 65 ارکان میں سے 57 نومنتخب ارکان نے بدھ کے روز اجلاس میں رکنیت کا حلف لیا، رکن بلوچستان اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے ارکان سے حلف لیا۔
جام کمال خان،صادق سنجرانی،سردار اختر مینگل اور سرفراز بگٹی حلف برداری کیلئے اسمبلی نہیں پہنچے۔ میر سرفراز بگٹی کا ہاتھ زخمی ہے اور ان کے ہاتھ کی بدھ کے روز سرجری ہو رہی تھی اس لئے وہ اجلاس میں کل حلف نہیں لے سکے۔ وہ سینیٹر کی نشست ایک روز پہلے استعفیٰ دے کر ترک کر چکے ہیں۔ اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلد لینے کا فیصلہ کیا ہے، آج ان کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حلف لینے کے بعد ان کی صوبائی اسمبلی کی نشست خالی ہو جائے گی۔
بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج جمعرات کو سہ پہر 3 بجے ہوگا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئےکاغذات نامزدگی کل دوپہر 12 بجے تک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے جاسکتے ہیں.