( فہد علی ) شہر لاہور میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں کمی نہ آسکی، تقاریب میں ہوائی فائرنگ معمول بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں آتشی اسلحہ کی بھرمار اور ہوائی فائرنگ کے واقعات معمول بن گئے، پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، پتنگ بازی قانوناً جرم ہے اس کے باوجود مختلف تقاریب اور مقامات پر ان کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔
ساندہ کے علاقے میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی ویڈیو میں فائرنگ کرنے والے افراد کی واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ شادی میں شریک افراد ممنوعہ بور رائفلز سے بھی فائرنگ کرتے رہے، جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و حراس پھیل گیا۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ساندہ پولیس کو اطلاع کرنے کے باوجود کوئی بھی پولیس اہلکار موقع پر نہ پہنچا جبکہ ایک گھنٹے تک لگا تار فائرنگ ہوتی رہی، مگر پولیس نے کوئی ایکشن نہ لیا، گرفتار کرنا تو دور کی بات ابھی تک ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج نہ ہوا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے نظر آنے والے ملزمان کی شناخت کی جارہی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی میں لائی جائے گی۔
گزشتہ کئی برسوں سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلحہ کی نمائش یا اسے غیر قانونی طور پر رکھنے کی سخت پابندی ہے لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں شادی بیاہ کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے شہریوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا ہے۔