مال روڈ (سٹی 42) چیئرپرسن بورڈ آف گورنر لاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی نے کہا ہے کہ سیمی راحیل سینئر اداکارہ ہیں، اپنے تمام تر کیرئیر میں بے حد محنت کی جو بھی رول لیا پہلے اسے اچھی طرح پرکھا، معاشرتی احسن اقدار کی راہ میں حائل ہونے والے کئی کردار چھوڑے۔ الحمرا میں سیمی راحیل جیسے لوگوں کا آنا خوش آئند ہے۔
نامور اداکارہ سیمی راحیل نے الحمرا کے ماہانہ ادبی وثقافتی سلسلے ”کچھ یادیں کچھ باتیں“ کی 6 ویں نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منیزہ ہاشمی فن شناسی کی اعلیٰ مثال ہیں، انہوں نے میرے اند ر کے فنکار کو پہچانا، میری حوصلہ افزائی کی ،کبھی اپنی زندگی کے رخ متعین نہیں کئے بلکہ انہوں نے میرا انتخاب کیا، اگر آپ کے اندر ٹیلنٹ ہے تو اسے پہچاننے والے بھی ہونگے۔
انہوں نے نوجوانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں آپ کوئی بھی شعبہ اپنانا چاہتے ہیں، ایمانداری ،لگن اور مسلسل جدوجہد ہی آپ کو آپ کے مقاصد میں کامیاب کرسکتی ہے۔
ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمرا اطہرعلی خان نے کہا کہ یہ سلسلہ فنون لطیفہ کے شعبہ میں اعلیٰ خدمات سر انجام دینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کا ذریعہ ہے، ایسے افراد جو زندگی بھر کی محنت سے مختلف شعبوں میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں، نوجوانوں سے ایسے لیجنڈ کی ملاقات کے ثمر آور اثرات برآمد ہو رہے ہیں جو کہ آئندہ بھی جاری رہے گی۔